10تقاریربابت جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات

اعلانات تعارف کتب جلسہ سالانہ
Spread the love

مالا کا پہلا موتی

جلسہ سالانہ، جماعت احمدیہ کی پہچان بن چکا ہے۔ بعض سوسائٹیز، فرقے یا جمعیتیں اپنی اپنی سالانہ تقریبات منعقد کرتی ہیں۔ جن میں اکثریت انہیں سالانہ کانفرنس (Annual conference) کا نام دیتی ہیں۔ مَیں نے مختلف مذاہب، فرقوں اور جمعیتوں کی تاریخ بالخصوص اُن کے سالانہ تہواروں کا مطالعہ کیا ہے۔ مجھے” جلسہ سالانہ“ کے نام  سے کوئی سالانہ اکٹھ نظر نہیں آیا ما سوائے جماعت احمدیہ کے۔ جس کا سب سے پہلے استعمال بانی جلسہ سالانہ حضرت مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعود علیہ السلام نے 1891ء میں اپنی کتاب آسمانی فیصلہ میں فرمایا۔ آپؑ فرماتے ہیں:

’’قرین مصلحت معلوم ہوتا ہے کہ سال میں تین روز ایسے جلسہ کے لئے مقرر کئے جائیں جس میں تمام مخلصین اگر خدا تعالیٰ چاہے بشرط صحت وفرصت وعدم موانع قویّہ تاریخ مقرّرہ پر حاضر ہو سکیں۔ سومیرے خیال میں بہترہے کہ وہ تاریخ 27 دسمبر سے 29 دسمبر تک قرار پائے …….. حتّٰی الوسع تمام دوستوں کو محض للہ ربّانی باتوں کے سننے کے لئے اور دعا میں شریک ہونے کے لئے اس تاریخ پر آجانا چاہئے اور اس جلسہ میں ایسے حقائق اور معارف کے سنانے کا شغل رہے گا۔جو ایمان اور یقین اور معرفت کو ترقی دینے کے لئے ضروری ہیں اور نیز ان دوستوں کے لئے خاص دعائیں اور خاص توجہ ہوگی اور حتّٰی.الوسع بدرگاہ ارحم الراحمین کوشش کی جائے گی کہ خدائے تعالیٰ اپنی طرف ان کو کھینچے اور اپنے لئے قبول کرے اور پاک تبدیلی ان کو بخشے اور ایک عارضی فائدہ ان جلسوں میں یہ بھی ہوگا کہ ہر یک نئے سال جس قدر نئے بھائی اس جماعت میں داخل ہوں گے۔ وہ تاریخ مقرّرہ پر حاضر ہوکر اپنے پہلے بھائیوں کے منہ دیکھ لیں گے اور روشناسی ہوکر آپس میں رشتہ تودّد وتعارف ترقی پذیر ہوتا رہے گا اور جو بھائی اس عرصہ میں اس سرائے فانی سے انتقال کر جائے گا۔ اس جلسہ میں اس کے لئے دعائےمغفرت کی جائے گی اور تمام بھائیوں کو روحانی طور پرایک کرنے کے لئے اور ان کی خشکی اور اجنبیت اور نفاق کو درمیان سے اٹھادینے کے لئے بدرگاہ حضرت عزت جلّ شانُہٗ کوشش کی جائے گی اور روحانی جلسہ میں اور بھی کئی روحانی فوائد اور منافع ہوں گے جو ان شاء اللہ القدیر وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہیں گےاور کم مَقْدرت احباب کے لئے مناسب ہوگا کہ پہلے ہی سے اس جلسہ میں حاضر ہونےکا فکر رکھیں۔‘‘

(آسمانی فیصلہ، روحانی خزائن جلد4صفحہ 352-351)

 اس پہلی بابرکت محفل میں 75 مخلصینِ احمدیت نے شرکت فرمائی اور حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹی نے اپنے پیر و مرشَد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی معرکہ آراء کتاب آسمانی فیصلہ پڑھ کر سنائی۔ اس کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور پھر اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت سے یہ پودا جلد جلد بڑھا اور اس کی شاخیں 75 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہیں۔ جن پر لکھوکھا پرندے نہ صرف بسیرا کر رہے ہیں بلکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے لنگر سے یہ پرندے مستفیض ہوتے ہیں۔ اگر جماعت احمدیہ کے جلسہ سالانہ کی تاریخ کا تجزیہ پیش کیا جائے تو امسال قادیان میں 131واں جلسہ منعقد ہوگا، جرمنی اپنا پچاسواں، کینیڈا اپنا اڑتالیسواں  اور برطانیہ ساٹھواں جلسہ منعقد کرنےجا رہا ہے جبکہ پاکستان میں  1983ء  تک جلسہ سالانہ منعقد ہوتے رہے اور اس کے بعد  سےحکومت کی پابندیوں کا سامنا ہے۔

 جلسہ سالانہ کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ سینکڑوں مقرّرین اور مصنّفین نے تقاریر، مضامین اور کتب کے ذریعے جلسہ سالانہ کی برکات پر روشنی ڈالی ہے۔ خاکسارنے اپنے مضامین اور تقاریر (جن کی تعداد اب اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ  ہزاروں میں ہے) کا آغاز جلسہ سالانہ پر لکھنے سے کیا تھا یعنی بحیثیت طالبِ علم جامعہ.احمدیہ میرا یہ مضمون الفضل ربوہ میں شائع ہوا تھا۔ اَور اب اِن میں ”مشاہدات“ بھی شامل ہیں جس نے گاہے بگاہے گزشتہ تین سالوں میں 10 تقاریر تیار کیں۔ جو www.mushahedat.com میں موجود ہیں۔ ان 10 تقاریر سے ہزاروں لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ جس کا اندازہ اِس سے ہوتا ہے کہ مشاہدات سے فائدہ اٹھانے والے قارئین کثرت سے جلسہ سالانہ کے بارے میں تقاریر کا مطالبہ کرتے ہیں جن کو 1200 کی مجموعہ تقاریر سے تلاش کر کے بھجوانا قدرے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ لہذا اِن10 تقاریر کو احباب جماعت کی آسانی اور سہولت کے لیے ایک جگہ جمع کر دیا ہے جو مشاہدات کے پلیٹ فارم سے 40ویں کاوش ہے۔رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ

ان تقاریر کو کتابی شکل عزیزم زاہد محمود نے دی ہے۔ عزیزم  فضل عمر شاہد آف لٹویا نے اس کتاب کا خوبصورت ٹائیٹل  بنایا ہے۔ عزیزم سعید الدین احمد اور عزیزم عامر محمود  کی مساعی  سے یہ کتاب ویب سائیٹ  پر اپلوڈ ہوکر آپ تک پہنچ رہی ہے۔ان تقاریر کی تیاری میں مکرم منہاس محمود۔جرمنی کا تعاون بھی حاصل رہا ہے۔  فجزاھم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء

مکرم نعیم رضا صاحب آف یو کے تحریر کرتے ہیں:

”ماشاءاللّٰہ ، مشاہدات کی بہت اچھی کاوش روحانی تعلیم وتربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے … جزاکم اللّٰہ احسن الجزا“

۔خاکسار

۔۔۔ابوسعیدحنیف احمد محمود

۔۔۔۔مربّی سلسلہ حال برطانیہ

۔۔۔۔۔ ( شاہد۔ عربی فاضل)

(سابق ایڈیٹر روز نامہ الفضل  ربوہ و الفضل آن لائن لندن و نائب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ)

۔۔۔۔.۔21؍جولائی  2026ء

ویب سائیٹ:             www.mushahedat.com

فون نمبر:                  +44 73 7615 9966

ای میل:                    hanifahmadmahmood@hotmail.com


انڈیکس

نمبر شمارمشاہداتعنوانصفحہ
1  110جلسہ سالانہ کی اہمیت، اغراض و مقاصد اور برکات (حضرت مسیح موعودؑ کے اِرشادات کی روشنی میں)1
2  111جلسہ سالانہ کی اہمیت، اغراض و مقاصد اور برکات (خلفائے کرام کے اِرشادات کی روشنی میں)11
3  112جلسہ سالانہ کی اہمیت، اغراض و مقاصد اور برکات (حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کے اِرشادات کی روشنی میں)23
4482ہمارے جلسہ ہائے سالانہ36
5483جماعت احمدیہ کے عظیم الشان جلسہ سالانہ کی بنیادی اینٹ42
6484جلسہ سالانہ اور عالمی بیعت48
7891ہمارے دل کی زباں ہیں جلسے54
81235صحبتِ صالحین اور ہمارے جلسے(تقریر  نمبر 1)63
91236صحبتِ صالحین اور ہمارے جلسے(تقریر  نمبر 2)73
10319جماعتی پروگرامز،میٹنگز اور اجلاسات میں شمولیت کی اہمیت و برکات83

مزید پڑھنے کے لئے کلک کریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے