ایمان کی ستّر شاخوں میں سے کچھ کا تذکرہ (تقریر نمبر20)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :
’’ اپنے ایمان کا وزن کرو ۔ عمل ایمان کا زیور ہے ۔ اگر عملی حالت درست نہیں ہے تو حقیقت میں ایمان بھی نہیں ہے۔ مؤمن حسین ہوتا ہے۔ جیسے ایک خوبصورت کو معمولی اور ہلکا سا کڑا بھی پہنا دیا جاوے تو اسے زیادہ خوبصورت بنا دیتا ہے اسی طرح پر ایماندار کو عمل اَور بھی خوبصورت دکھاتا ہے اور اگر بد عمل ہے تو کچھ بھی نہیں ۔ حقیقی ایمان جب انسان کے اندر پیدا ہوتا ہے تو اعمال میں ایک لذّت پیدا ہو جاتی ہے۔ اس کی معرفت کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ وہ نماز پڑھتا ہے جو نماز پڑھنے کا حق ہے ۔ گناہوں سے اسے بیزاری پیدا ہوتی ہے۔ نا پاک مجلسوں سے نفرت کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی عظمت اور جلال کے ظاہر کرنے کے واسطے اپنے دل میں ایک جوش اور تڑپ دیکھتا ہے۔‘‘
( ملفوظات جلد اوّل صفحہ 339آن لائن ایڈیشن 2022 ء)
