تحریکات حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ
حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
’’ میرے دل میں یہ خواہش شدّت سے پیدا کی گئی ہے کہ قرآنِ کریم کی سورۃ بقرہ کی ابتدائی 17 آیتیں جن کی مَیں نے ابھی تلاوت کی ہے ہر احمدی کو یاد ہونی چاہئیں اور ان کے معنی بھی آنے چاہئیں اور جس حد تک ممکن ہو ان کی تفسیر بھی آنی چاہیے اور پھر ہمیشہ دماغ میں وہ مستحضر بھی رہنی چاہیے ۔اس سلسلہ میں اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ستَّر اسِّی صفحات کا ایک رسالہ جو حضرت مسیح موعودؑاور حضرت خلیفہ اوّلؓ اور حضرت مصلح موعودؓ کی تفاسیر کے متعلقہ اقتباسات پر مشتمل ہو گا ، شائع بھی کر دیں گے ۔ مجھے آپ کی سعادت مندی اور جذبہ اخلاص اور اس رحمت کو دیکھ کر جو ہر آن اللہ تعالیٰ آپ پر نازل کر رہا ہے امید ہے کہ آپ میری روح کی گہرائی سے پیدا ہونے والے اس مطالبہ پر لبیک کہتے ہوئے ان آیات کو زبانی یاد کرنے کا اہتمام کریں گے ۔ مرد بھی یاد کریں گے، عورتیں بھی یاد کریں گی ، چھوٹے بڑے سب ان سترہ آیات کو از بر کر لیں گے ۔ پھر تین مہینے کے ایک وسیع منصوبہ پر عمل در آمد کرتے ہوئے ہم ہر ایک کے سامنے ان آیات کی تفسیر بھی لے آئیں گے ۔ ‘‘
( خطبات ناصر جلد2 صفحہ851)
