حضرت مسیح موعودؑ کی احباب جماعت کو نصائح (ملفوظات جلد5 ایڈیشن 1984ء) (تقریر نمبر4)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
’’ دیکھو! قرآن شریف سورۂ مزمّل میں صاف تاکید ہے کہ انسان کو کچھ حصہ رات آرام بھی کرنا چاہیے ۔ اس سے دن بھر کی کوفت اور تکان دور ہو کر قویٰ کو اپنا حرج شدہ مادہ بہم پہنچانے کا وقفہ مِل جاتا ہے ۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فعل یعنی سنّت بھی اسی کے مطابق ثابت ہے ۔ چنانچہ فرماتے ہیں اُصَلِّیْ وَ اَنُوْمُ
اصل میں انسان کی مثال ایک گھوڑے کی سی ہے ۔ اگر ہم ایک گھوڑے سے ایک دن اس کی طاقت سے زیادہ کام لیں اور اُسے آرام کرنے کا وقفہ ہی نہ دیں تو بہت قریب ایساوقت ہو گا کہ ہم اس کے وجود کو ہی ضائع کر کے تھوڑے فائدہ سے بھی محروم ہو جائیں گے ۔ نفس کو گھوڑے سے مناسبت بھی ہے ۔‘‘
( ملفوظات جلد5 صفحہ129)
