حضرت مسیح موعودؑ کی احباب جماعت کو نصائح (ملفوظات جلد6 ایڈیشن 1984ء) (تقریر نمبر8)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
” یقیناً یاد رکھو کہ ا بتلا اور امتحان ایمان کی شرط ہے اس کے بغیر ایمان، ایمان کامل ہوتا ہی نہیں اور کوئی عظیم الشان نعمت بغیر ابتلا ملتی ہی نہیں ہے۔ دنیا میں بھی عام قاعدہ یہی ہے کہ دنیاوی آسائشوں اور نعمتوں کےحاصل کرنے کے لئے قسم قسم کی مشکلات اور رنج و تعب اُٹھانے پڑتے ہیں۔ طرح طرح کے امتحانوں میں سے ہو کر گزرنا پڑتا ہے تب کہیں جا کر کامیابی کی شکل نظر آتی ہے اور پھر بھی وہ محض خداتعالیٰ کے فضل پر موقوف ہے۔ پھر خداتعالیٰ جیسی نعمتِ عظمیٰ جس کی کوئی نظیر ہی نہیں یہ بدوں امتحان کیسے میسّر آسکے۔ پس جو چاہتا ہے کہ خداتعالیٰ کو پاوے اُسے چاہئے کہ وہ ہر ایک ابتلا کے لئے تیار ہوجاوے ۔ “
(ملفوظات جلد 6 صفحہ 254 )
