آج سے 139سال قبل مامورِ زمانہ حضرت مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعود علیہ السلام نے جب زندہ نشانات دیکھنے کی دعوتِ عام دی تو قادیان کے بعض ہندو صاحبان نے مطالبہ کیا کہ ہم قریب ہونے کے ناطے نشان دیکھنے کے زیادہ حق دار ہیں تا یہ معلوم ہو سکے کہ پاک پرمیشور آپ کی دعاؤں کو سنتا ہے ۔ آپ علیہ السلام نے ان کی اِس درخواست کو قبول فرما کر اپنے اللہ کی طرف رجوع کیا اور اللہ تعالیٰ سے خبر پا کر ہندوؤں کو اطلاع دی کہ جلد ایسا نشان آپ کو دکھلایا جائے گا جو انسانی طاقت سے بالا تر ہو گا ۔ آپؑ نے ہوشیار پور میں 20فروری1886ء کو خدائے رحیم و کریم بزرگ و برتر سے خبر پا کر ایک رحمت کے نشان کی خبر دی اور ایک موعود فرزند کی اپنے ہاں پیدائش کی اطلاع دی جو 52علامات کا حامل ہو گا ۔ آپ ؑ نے فرمایا ۔ ’’ فرزند دلبند گرامی ارجمند مَظْہَرُ الْاَوَّلِ وَالْاٰخِرِ۔ مَظْہَرُ الْحَقِّ وَ الْعُلَاء کَاَنَّ اللّٰہَ نَزَلَ مِنَ السَّمَاء جس کا نزول بہت مبارک اور جلالِ الٰہی کے ظہور کا موجب ہو گا ۔ نور آتا ہے نور۔ جس کو خدا نے اپنی رضا مندی کے عطر سے ممسوح کیا ۔ ہم اُس میں اپنی روح ڈالیں گے اور خدا کا سایہ اُس کے سر پر ہو گا ۔ وہ جلد جلد بڑھے گا اور اسیروں کی رَستگاری کا موجب ہو گا اور زمین کے کناروں تک شہرت پائے گا اور قومیں اس سے برکت پائیں گی تب اپنے نفسی نقطہ آسمان کی طرف اٹھایا جائے گا ۔ ‘‘
( مجموعہ اشتہارات جلد اوّل صفحہ102-101ایڈیشن 1989ء )
یہ موعود فرزند پیشگوئی کے تین سال کے اندر اندر آج سے 134سال قبل12جنوری 1889ء کو پیدا ہوا اور آپؓ نے 1944ء میں مصلح موعود ہونے کا دعویٰ بھی کر دیا ۔ ان تمام 52علامات پر ’’ مشاہدات ‘‘ کے تحت تقاریر لکھنے کا سلسلہ جاری ہے اور اللہ کی دی ہوئی توفیق سے اب تک 35 تقاریر تیار ہو کر قارئین کے ہاتھوں میں پہنچ چکی ہیں ۔ الحمد للّٰہ رب العالمین
ارادہ ہے کہ 20فروری2024ء سے قبل ان 52 تقاریر کو کتابی شکل میں بعنوان’’ 52علامات 52تقاریر ‘‘ سے ویب سائٹ پر لوڈ کر دیا جائے ۔ آپ اسے www.mushahedat.com پر دیکھ سکیں گے ۔ ان شاء اللہ
حنیف احمد محمود
ای میل hanifahmadmahmood@hotmail.com
ٹیلی فون نمبر 0044 7376 159966