
حرفِ اول
ہر مسلمان کو رمضان سے بہت پیار رہتا ہے۔ جوں جوں یہ رمضان قریب آتا ہے اِس پیار میں اضافہ ہوتاجاتا ہے اور وہ اِس سے لطف اندوز ہونے کے لئے اُن تمام ذرائع اور طریقوں کو اپناتا ہے جو قرآن.واحادیث، فقہ اور آج کے دور میں فقہُ المسیح ، فقہ احمدیہ اور پانچوں خلفاء کے ارشادات میں پائے جاتے ہیں اور جن سے اللہ کی رضا و محبت حاصل کرنے کی طرف سفر میں آسانیاں میسّر آتی ہیں۔
خاکسار کو جب 2005ء میں حضرت خلیفۃُ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے نائب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ مقرر فرمایا تو خاکسار اسلام آباد پاکستان سے جب ربوہ پہنچا تو میرے سپرد پاکستان بھر کے تربیتی و اصلاحی امور ہوئے جن میں رمضان میں نماز تراویح اور درس و تدریس کے امور شامل تھے۔ مسجدِ مبارک اور محلہ.جات کی مساجد کے لئے دروس کے عناوین کا چناؤ اور اِن پر مواد مہیا کرنا اچھا خاصا مشکل کام تھا۔ جس کے لئے مربیانِ کرام کی معاونت حاصل کی گئی۔
مسجدِ مبارک میں اجَلّ اور جیّد علماء جیسے مکرم صاحبزادہ مرزا انس احمد صاحب مرحوم ، استاذی المحترم مکرم سید میر محمود احمد ناصر صاحب ، مکرم مولانا جمیل الرحمٰن رفیق صاحب اور بہت سے حدیث اور فقہ سے تعلق رکھنے والے مربیانِ کرام کے دروس میں نت نئے نکات سے جہاں خاکسار بہت محظوظ ہوا وہاں ان دروس نے نئے نئے نکات نکالنے کی چاشنی پیدا کردی اور بہت خوبصورت اور جامع علمی مواد پر دروس تیار ہوگئے۔ مگر افسوس خاکسار ان کو محفوظ نہ رکھ سکا۔
اب جبکہ خاکسار کے سپرد روزنامہ الفضل ربوہ کی ادارت ہوئی اور پاکستان میں حالات کے پیش نظر اس کے متبادل کے طور پر ”گلدستہ علم و ادب لندن“ جاری ہوا توقارئین کے استفادہ کے لئے رمضان کی اہمیت، افادیت، فضائل اور برکات پر اداریے بھی لکھے۔ درس بھی تیار ہوئے اور ایک نہایت قابلِ قدر اور قیمتی مواد اکٹھا کرنے کی توفیق ملی۔ جسے بعد میں روزنامہ الفضل ربوہ اور روزنامہ الفضل آن لائن لندن میں جاری رکھا۔ گزشتہ مواد محفوظ نہ رکھنے کے تلخ تجربے کے بعد خاکسار نے اِن پانچ سال کی تحریرات کو ”اداریہ جات بابت رمضان المبارک“ کے عنوان کے ساتھ محفوظ کردیا جو اب بھی الفضل آن لائن کی ویب سائیٹ پر موجود ہے۔ امسال بھی مکرم برادرم زاہد محمود صاحب اور مکرمہ عائشہ چوہدری صاحبہ آف جرمنی کی معاونت سے گزشتہ سال کے 30 عناوین پر دروس کے علاوہ ایسے 30 عناوین کا چناؤ کیا گیا جو گزشتہ سال کے دروس میں نہ تھے اور بھر پور محنتِ شاقہ سے نہ صرف ان کو تیار کر لیا گیا بلکہ مکرم زاہد محمود صاحب نے رمضان سے قبل اِسے کتابی شکل دینے کی نہ صرف تجویز دی بلکہ اِسے کتابی صورت بھی دے ڈالی۔ اِن کا یہ خیال تھا کہ اگر 30 روزوں کے مقابل پر 30 درس یکجائی صورت میں موجود ہوں گے تومربیانِ کرام اور مدرسین کو اپنے اپنے حالات اور موقع محل کے مطابق درس کے عنوان کے چناؤ میں آسانی ہو گی ۔ تب مکرم عامر محمود صاحب آف شیفیلڈ یوکے نے مشاہدات کی ویب سائیٹ پر اِس مجموعۂِ.دروس کو آویزاں بھی کردیا یوں اب 2024ء اور 2025ء کے 60 دروس پر مشتمل دونوں مجموعےویب سائیٹ پر موجود ہیں ۔ اِن کے علاوہ 67 اداریے بابت رمضان اور 30 تقاریر بابت رمضان سے بھی ویب سائیٹ سے استفادہ کیا جا سکے گا اور یوں دنیا بھر کے لاکھوں قارئین پورا رمضان اِن سے استفادہ کرسکیں گے نیز مکرم سعید الدین احمد صاحب (واقف زندگی) ایم ایس سی نے اِن تمام دروس کو روزانہ کی بنیاد پر مشاہدات کی ویب سائیٹ پر چڑھایا تاقارئین روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف مستفید ہوں بلکہ مربیان و مدرسین ان سے استفادہ کرکے اپنے ہاں درس بھی دے سکیں۔
قارئینِ مشاہدات کے لئے یہ بھی خوشی کی خبر ہے کہ امسال اِن 30 دروس کے علاوہ رمضان سے متعلقہ عناوین پر 30 تقاریر بھی منظرِ عام پر آرہی ہیں ۔ روزانہ کی بنیاد پر ایک درس کے ساتھ تقریر بھی لانچ ہواکرے گی اور یوں امسال 60 عناوین سے استفادہ کیا جاسکے گا۔ ان تقاریر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے بیان فرمودہ فقہی مسائل بھی ہوں گے جو آپ قارئین کے لئے دلچسپی کا باعث بنیں گے۔ ان شاء اللہ
خاکسار نے اِس پیشِ لفظ کا آغاز رمضان سے محبت سے کیا تھا۔ خاکسار کو رمضان کے حوالے سے لکھنے کی دلچسپی 2005ء کے بعد ہی پیدا ہوئی گو اس سے قبل بھی خاکسار کے دسیوں مضامین روزنامہ الفضل ربوہ اور خاکسار کی کتاب ” کچھ کلیاں کچھ پھول “ میں جگہ پاچکے تھے اور اب تک رمضان سے متعلقہ 177 کےلگ بھگ مضامین، تقاریر اور دروس تیار ہوکر منظرِ عام پر آچکے ہیں جن میں سے اکثریت www.mushahedat.com پر دیکھے اور اِن سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ مجھے اس روحانی.وعلمی مائدہ تیار کرنے کی دائمی جزاء عطا کرتا رہے اور قارئین کو اِن سے استفادہ کرکے اپنے روزوں کے مزہ اور لطف کو دوبالا کرنے کی توفیق دے۔ آمین
اِن تمام انعامات پر اپنے محسن اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْن کہتا ہوں اور آئندہ اِن انعامات کے جاری و ساری رہنے کے لئے اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْن کی دعا ربُّ العالمین سے مانگتا ہوں۔ رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ
رمضان کی مقبول دعاؤں کا حصہ بنانے کے لئے مَیں اُن دوستوں اور خواتین کا نام بھی دینا چاہوں گا جو مختلف اوقات میں تعاون کرتے رہتے ہیں جیسے کمپوزنگ میں جرمنی سے مکرم منہاس محمود صاحب، ہالینڈ سے مکرمہ عطیۃُ العلیم صاحبہ،برطانیہ سے مکرمہ زکیہ فردوس کومل صاحبہ ، مواد کی دستیابی میں مکرم فضل الرحمٰن ناصر صاحب استاذ جامعہ احمدیہ برطانیہ، مکرم حافظ عبدالحئی صاحب مربی سلسلہ، مکرم حافظ عبدالحمید صاحب، اشعار میں رہنمائی کرنے میں مکرمہ امۃ الباری ناصر صاحبہ آف امریکہ، دیدہ زیب اور خوبصورت ٹائیٹلز ڈیزائن کرنے میں لٹویا سے مکرم فضل عمر شاہد صاحب دعاؤں کے مستحق ہیں۔ فجزاہم اللّٰہ تعالیٰ خیراً و کان اللّٰہ معہم
مواد لینے اور اکٹھا کرنے کے اصل ماخذ تو قرآنِ کریم، احادیثِ نبویہ، فقہاء، آج کے دور کے مامور زمانہ، خلفائے کرام اور جیّد علماء ہیں۔ اس لئے آج سیدنا حضرت محمدؐ کے لئے”صلی اللّٰہ علیہ وآلہٖ وسلم“، فقہاء کے لئے”رحمہم اللّٰہ تعالی “، حضرت مسیح موعودؑ کے لئے ”علیہ الصلوۃ و السلام“، دو خلفاء کے لئے ”رضی اللّٰہ عنہم “ ، دو کے لئے ”رحمہم اللّٰہ تعالی “، اپنے موجودہ پیارے امام کے لئے ”نصّرہُ اللّٰہ تعالیٰ نصراً عزیزاً“ اور ذخیرہ مہیا کرنے والے علمائے کرام و مربیان کے لئے ”ایدہم اللّٰہ“ کی دعا کی اللہ تعالیٰ سے عاجزانہ درخواست ہے۔
ہماری کاوشوں کےمقبول ہونے اور مشاہدات کی ویب سائیٹ کے پھلنے اور پھولنے اور ترقی کرنے کے لئے بھی درخواستِ دعا ہے۔
قارئین ”مشاہدات“ کی طرف سے موصول ہونے والے چند تبصرے پیش ہیں۔
مکرم مرزا نصیر احمدصاحب چھٹی مسیح، استاد جامعہ احمدیہ برطانیہ تحریر کرتے ہیں:
”ماشاءاللہ۔ بہت قیمتی خزانے کھود کھود کر دکھا رہے ہیں۔ جزاک اللّٰہ خیراً۔“
مکرم مدثر ریحان صاحب تحریر کرتے ہیں:
”جزاکم اللّٰہ خیرًا۔ یہ تقاریر فیلڈ میں بہت کام آ رہی ہیں ۔ “
مسز منزہ ولی سنوری ۔ کینیڈا سے تحریر کرتی ہیں:
”خاکسار”جھروکا“ ( پیشِ لفظ ،کتاب 40 تقاریر بابت خاندان مسیح موعودؑ ) میں ادارہ مشاہدات کے ان 17ہونہار بچوں کی درازئ عمر کے لیے دعا گو بھی ہے اور آپ کو دلی مبارکباد بھی پیش کرتی ہے ۔جزاکم اللّٰہ و احسن الجزا“
یہ ”مشاہدات“ کے سلسلہ کی 19ویں کتابی کاوش ہے۔ رَبَّنَا تَقَبَّلۡ مِنَّا ؕ اِنَّکَ اَنۡتَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ
۔۔۔۔خاکسار
۔۔۔ابوسعیدحنیف احمد محمود۔ برطانیہ
۔۔۔۔ ( شاہد۔ عربی فاضل)
۔۔۔ مربّی سلسلہ
(سابق ایڈیٹر روز نامہ الفضل ربوہ و الفضل آن لائن لندن و نائب ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ)
25؍فروری 2025ء
ویب سائیٹ: www.mushahedat.comفون نمبر: +44 73 7615 9966
انڈیکس
| نمبر شمار | مشاہدات | عنوان | صفحہ | 
| 1 | 702 | رمضان اور رؤیت ہلال | 1 | 
| 2 | 704 | رمضان کے بارے میں قرآنی احکام | 10 | 
| 3 | 706 | رمضان اور ہمارا مقصدِ پیدائش | 14 | 
| 4 | 708 | رمضان بطورایک مہمان | 20 | 
| 5 | 710 | رمضان اور روحانی ہجرت | 28 | 
| 6 | 712 | رمضان اور خشوع و خضوع | 33 | 
| 7 | 714 | رمضان کے فضائل | 38 | 
| 8 | 716 | رمضان اور نیکیوں میں آگے بڑھنے کی دوڑ | 44 | 
| 9 | 718 | رمضان کا پیغام | 50 | 
| 10 | 720 | رمضان ، دعاؤں کا مہینہ | 56 | 
| 11 | 722 | رمضان اور محفوظ قلعے میں داخل کرنے والی دعائیں | 63 | 
| 12 | 724 | روزہ اور مریض اور مسافر | 71 | 
| 13 | 726 | روزہ اور عورتوں کے متعلق مسائل | 77 | 
| 14 | 728 | رمضان المبارک کے مسائل | 82 | 
| 15 | 730 | رمضان میں روزانہ ایک پارہ کی تلاوت ضرور کریں | 88 | 
| 16 | 732 | رمضان اور’’الغرور‘‘سے اجتناب | 94 | 
| 17 | 734 | رمضان اور تجّلی قلب | 102 | 
| 18 | 736 | رمضان۔ تصوف اور ولایت کی جان | 110 | 
| 19 | 738 | رمضان اور اعتکاف | 115 | 
| 20 | 740 | ارکان اسلام اور رمضان کے روزے | 125 | 
| 21 | 742 | رمضان اور نمازِ تہجد و نوافل | 131 | 
| 22 | 744 | رمضان اور اطاعتِ خلافت کا سبق | 137 | 
| 23 | 746 | رمضان اور رسومات سے اجتناب | 145 | 
| 24 | 748 | رمضان سے متعلقہ بنیادی مسائل کے جوابات ( حضورِ انور ایدہ اللہ کے إرشادات کی روشنی میں)(قسط نمبر1) | 151 | 
| 25 | 750 | رمضان سے متعلقہ بنیادی مسائل کے جوابات ( حضورِ انور ایدہ اللہ کے إرشادات کی روشنی میں)(قسط نمبر 2) | 160 | 
| 26 | 752 | رمضان اور حسنِ معاشرت | 168 | 
| 27 | 754 | رمضان اور مساجد کے آداب | 175 | 
| 28 | 756 | رمضان اور مجالس کے آداب | 184 | 
| 29 | 758 | رمضان کے سبق کو سارا سال جاری رکھیں | 191 | 
| 30 | 760 | رمضان اور اَلۡاَعۡمَالُ بِالۡخَوَاتِیۡمِ | 196 | 

 
	 
						