
Knock-Knock
اسلام میں دو طرح کا جہاد مسلَّم ہے پہلاجہاد بالسیف یعنی تلوار کے ساتھ جہاد اوردوسرا جہاد بالقلم یعنی تحریرات کے ذریعہ لوگوں کو علومِ دینیہ کے فیض سے مالامال کرنا اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو راہ راست پر لانا۔
اس دوسری قسم کے جہاد کی اہمیت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ میں مسلّمہ تھی اور آپؑ نے قلم سے جہاد کا حق ادا کیا اور سلطانُ القلم کہلائے۔ آپؑ کے تتبع میں خلفائے کرام بھی جہاد بالقلم میں مصروف رہے اور ہمارے پیارے موجودہ امامِ ہمام حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ الودود اپنی پوری خداداد توانائی اور طاقت کے ساتھ مصروفِ عمل ہیں۔ اَللّٰھُمَّ اَیَّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ زِدْ فِیْ عُمْرِہٖ وَاَمْرِہٖ
جہاد بالقلم میں خلفائے کرام کے ساتھ پوری جماعت بھی مصروف عمل رہی ہے اور غیروں کی رہنمائی اور اپنوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ہزاروں ضخیم کتب، پمفلٹس، کتابچے اور بروشرز منظر ِعام پر آچکے ہیں۔
اس ناچیز خادمِ احمدیت کو بھی گاہے بگاہے قلمی جہاد میں حصہ لینے کی توفیق ملتی رہی ہے ۔ وَبِاللّٰہِ التَّوْفِیْق ۔ آج کل ”مشاہدات“ کے نام سے مختلف عناوین پر تقاریر و مضامین لکھنے کی توفیق پا رہا ہوں ۔امسال رمضان المبارک کی آمد پر” مشاہدات“ میں رمضان سے متعلقہ عناوین پر تربیتی دروس نے جگہ لی ہے۔ خاکسار نے اپنے خیر خواہوں کے مشورہ سے 30 عناوین کی ایک فہرست تیار کی اور اِن پر دروس کی تیاری کا آغاز ہوا ۔ رمضان کے مبارک مہینے میں قریباً ہر جگہ درس الحدیث کا سلسلہ جاری ہوجاتا ہے۔ جہاں جہاں دروس کے عناوین کی فہرست خاکسار کی تیار کردہ فہرست کی ترتیب سے مطابقت نہ رکھتی تھی اس صورت میں ان کے مطالبہ پر مطلوبہ دروس مہیا کرنے کی سعی کرتا رہا ۔ چونکہ تمام دروس وقت سے بہت پہلے تیار ہوچکے تھے تو ساتھ ہی یہ تجویز بھی آئی کہ کیوں نہ انہیں افادہ عام کے لیے آن لائن کتابی شکل دے دی جائے۔ کتاب کے لئے مکرم فضل عمر شاہد آف لٹویا نے خوبصورت اور جاذبِ نظر ٹائٹل تیار کیا۔دروس پر مواد اکٹھا کرنے ، کمپوز کرنے، پی ڈی ایف تیار کرنے ، آن لائن کتابی شکل دینے اور پھر ویب سائیٹ پر آن لائن مہیا کرنے کے لیے درج ذیل کا تعاون میسر رہا۔
1-مکرم زاہد محمود صاحب، 2- مکرمہ عائشہ منصور چوہدری صاحبہ-جرمنی، 3-مکرم سعید الدین احمدصاحب -برطانیہ اور 4- مکرم عامر محمود صاحب-برطانیہ ۔ فجزاھم اللّٰہ تعالیٰ احسن الجزاء فی الدنیا و الآخرۃ
ان دروس کی تیاری میں قرآنی آیات اور حدیثِ نبویؐ کو بنیاد بنایا گیا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ ہر درس میں عنوان کی مناسبت سے حضرت مسیح موعودؑ اور وقت کی آواز حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ضرور شامل کیا جائے۔ باقی خلفائے کرام کے ارشادات بھی گاہے بگاہے ضرورت کی مناسبت سے شامل ہیں۔گو کتاب کا عنوان 30 دروس ہے لیکن کتاب میں 32 دروس شامل ہیں۔
دنیا بھر میں یہ درس الحمدللّٰہ پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھے جا رہے ہیں۔
مکرم زین الدین حامد صاحب مربی سلسلہ قادیان نے آڈیو پیغام میں کہا کہ مشاہدات بشمول دروس رمضان المبارک ایسا بہت بڑا کارنامہ ہے جن سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے قیامت تک آنے والی نسلیں مستفید ہوتی رہیں گی ۔
مکرم لیئق احمد بلال صاحب مربی سلسلہ جرمنی نے لکھا کہ یہ صدقہ جاریہ ہے۔
مکرم منصور احمد ضیاء استاذ جامعہ احمدیہ برطانیہ نے لکھا کہ بہت مفید کام ہے۔
اللہ تعالیٰ اُن تمام کو جزائے خیر وافر طور پرعطافرمائے جو اِن دروس کو پڑھ کر تحریری اور زبانی جَزَاکُمُ اللّٰہُ خَیْراً کا ہدیہ مبارک بھجواتے رہے۔ جزاھم اللّٰہ خیرا
خاکسار نے اپنے افریقہ کے قیام میں دیکھا ہے کہ ہمارے افریقی بھائی جب کسی کے گھر کے دروازہ پر دستک دیتے ہیں تو ساتھ خود بھی Knock Knock اپنی زُبان سے کہہ رہے ہوتے ہیں آج مَیں نے اپنے ابتدائیہ کا عنوان بھی Knock Knock رکھا ہے کہ قارئین اِس آن لائن کتاب کے باغیچہ میں داخل ہوتے وقت اِس کے دروازہ کو کھٹکھٹا کر اِسے پڑھ کر دعا کر دیں ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں کیے گئے اس کام میں برکت ڈال دے اور احباب جماعت کو ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور لطف اندوز ہونے کی توفیق دے۔ اِس سے قبل روزنامہ الفضل آن لائن لندن میں لگاتار تین سال رمضان المبارک کے دنوں میں شائع ہونے والے 67 اداریے الفضل آن لائن کے پلیٹ فارم سے”اداریے بابت رمضانُ المبارک 2020ء تا 2022ء“ کے نام سے کتابی شکل میں مہیا کئے جا چکے ہیں جن میں سے اکثریت کا تعلق رمضان سے متعلقہ مضامین سے ہے ۔ امسال کے دروس کی تیاری میں خاکسار نے اِس سے بھی استفادہ کیا ہے۔
قارئین سے بھی دعا کی درخواست ہے۔ کان اللّٰہ معکم و ایدکم بنصراللّٰہ تعالیٰ
خاکسار
حنیف احمد محمود۔ برطانیہ
23 مارچ 2024ء
انڈیکس
| نمبر شمار | مشاہدات | عنوان | صفحہ | 
| 1 | 325 | روزے ۔ اسلام و دیگر مذاہب میں | 1 | 
| 2 | 326 | ماہِ شعبان کا رمضان سے تعلق اور اِس کی تیاری | 9 | 
| 3 | 328 | رمضان کا استقبال ،اہمیت ، فرضیت ،برکات | 17 | 
| 4 | 330 | رمضان کا انتساب براہ راست اللہ تعالیٰ سے ہے | 24 | 
| 5 | 332 | رمضان کا پیغام | 30 | 
| 6 | 334 | رمضان کا مہینہ پانچ بنیادی عبادتوں کا مجموعہ ہے | 37 | 
| 7 | 336 | رَمَضَان ۔ جنت کے دروازے وا کرنے کا مہینہ | 45 | 
| 8 | 338 | روزے کی جزاء | 51 | 
| 9 | 340 | رمضان اور جھوٹ سے اجتناب | 57 | 
| 10 | 342 | سحری وافطاری کے آداب و برکات | 63 | 
| 11 | 344 | رمضان اور تلاوت قرآن کریم | 70 | 
| 12 | 346 | رمضان اورنوافل لازم ملزوم ہیں | 77 | 
| 13 | 348 | رمضان اور دُعا | 84 | 
| 14 | 350 | رمضان اور احتساب ( محاسبہ نفس ) | 90 | 
| 15 | 352 | مسائل رمضان | 96 | 
| 16 | 354 | رمضان اور والدین کی اطاعت کا سبق | 105 | 
| 17 | 356 | رمضان اور مالی قربانی )فدیہ ،فطرانہ، صدقات و خیرات( | 111 | 
| 18 | 358 | رمضان اور حقوق العباد | 118 | 
| 19 | 359 | رمضان اورتقویٰ لازم ملزوم ہیں | 124 | 
| 20 | 360 | آخری عشرہ کی اہمیت و برکات | 131 | 
| 21 | 361 | لیلۃ القدرکی فضیلت اور برکات | 139 | 
| 22 | 362 | رمضان۔ صبر ، تحمل و برداشت کا درس دیتا ہے | 145 | 
| 23 | 363 | رمضان میں نیکیوں کی دوڑ | 151 | 
| 24 | 364 | رمضان ۔ ظاہری و باطنی طہارت کا مُوجب ہے | 158 | 
| 25 | 365 | رمضان اور درود شریف کے فضائل | 165 | 
| 26 | 366 | رمضان اور جمعۃ الوداع | 171 | 
| 27 | 367 | رمضان اور توبہ و استغفار | 178 | 
| 28 | 368 | رمضان اور تحریک جدید ، وقف جدید | 185 | 
| 29 | 369 | رمضان اور نظام وصیت میں شمولیت | 192 | 
| 30 | 370 | عید الفطر کے مسائل اور اِس کا فلسفہ | 199 | 
| 31 | 371 | خلافت سے وابستگی ۔ اصلاحِ نفس کا ذریعہ ہے | 206 | 
| 32 | 372 | شوّال کے روزے | 214 | 

 
	 
						